قورمہ
دو چار باتوں کا خیال رکھیں
گوشت چکن کا لیں تو ایک دن پہلے فریز کردیں مٹن یا بیف کا بنانا ھے تو تازہ گوشت لیں اور دستی کا لیں
ادرک لہسن الگ الگ تازہ پیسیں اور تمام گرم مصالحہ بھی تازہ لیں بہت پرانا مت ڈالیں
اجزا
گوشت ایک کلو
پیاز چار عدد درمیانی
دھی ایک پاؤ یا 250 گرام
تیل دو بڑے چمچے یا ایک پاؤ
نمک حسب خواہش
لال مرچ ایک ٹیبل اسپون
کالا زیرہ آدھا ٹی اسپون
سفید زیرہ ایک ٹی اسپون
پسا ھوا دھنیا ایک ٹیبل اسپون
کالی مرچ چھ عدد
لونگ چھ عدد
دار چینی ایک انچ کا ٹکڑا
بڑی الائچی تین عدد
چھوٹی الائچی چار عدد
لہسن پسا ھوا ایک سے ڈیڑھ ٹیبل اسپون
ادرک ایک ٹیبل اسپون
کیوڑہ یا قورمہ ایسنس ایک ٹی اسپون
اور زعفران مل جائے تو تین سے چار عدد
ترکیب
پیاز کو لچھے دار کاٹ لیں
دھی کو پھنٹ کر رکھ لیں
ادرک لہسن الگ الگ پیس لیں
لونگ اور دار چینی اور چھوٹی الائچی کے علاوہ تمام گرم مصالحہ باریک پیس لیں
ایک کھلی پتیلی میں تیل گرم کرلیں اور پیاز کو سنہری ھونے تک فرائی کرلیں اور تیل سے نکال کر پیس لیں
اب گوشت یا مرغی کو ڈال کر لونگ اور دار چینی ڈال کر ہلکی آنچ پر بھونیں یہاں تک کے وہ سنہری نظر آنے لگے
اب دھی ڈال دیں اور بھونتے جائیں تاکہ دھی کا پانی خشک ھوجائے
جب تیل نکل آئے تو اب پسا ھوا لہسن ڈال کر ایک منٹ کو ڈھک دیں
اب نمک شامل کرکے پھر بھونیں اور پسی ھوئی ادرک ڈال کر تمام گرم مصالحہ اور پسا ھوا دھنیا شامل کریں
پانی کا ہلکا ہلکا سا چھینٹا مارتے ھوئے بھونیں دو منٹ بھون کر اب لال مرچ اور پسی ھوئی پیاز شامل کرلیں
اور پھر پانی کا چھینٹا دے دے کر بھونتے جائیں
قورمے کا اصلی مزہ جب ھی آتا ھے جب کہ اسے دھیمی آنچ پر مسلسل بھونا جائے اب اگر مرغی ھے تو بس اتنا پانی ڈالیں کہ وہ گداز ھوجائے اور شوربہ بھی رہ جائے اور اگر گوشت ھے تو اتنا پانی ڈالیں کہ گوشت بہت اچھی طرح گل جائے اور مناسب شوربہ رہ جائے
اس کے بعد چھوٹی الائچی اور زعفران کو باریک پیس کر کیوڑہ یا ایسنس میں ملاکر رکھ لیں
اور سالن کا شوربہ مناسب ھونے کے بعد اس میں ڈالیں اور فوراً ڈھک کر دم پر رکھ دیں تاکہ مہک جائے اور تیل نکل آئے گرما گرم مزے دار دیگ جیسے قورمے کو نان کے ساتھ پیش کریں
Post a Comment